بھٹکل 3/اپریل (ایس او نیوز) پڑوسی تعلقہ ہوناور کے ولکی نامی علاقہ میں اتوار کو شراوتی کونسل کے ذریعے قائم شدہ اتحاد پبلک اسکول ولکی کا سالانہ جلسہ منعقد ہوا جس میں ننھے منے بچوں نے اپنی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ پیش کرتے ہوئے سامعین سے خوب داد وصول کی۔
پرانی عمارت میں فی الحال یہ اسکول دوسالوں سے قائم ہے، جس میں ایل کے جی اور یو کے جی کے جملہ 107 طلبہ شریک امتحان تھے۔ اسکول کے نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی اتوار کو اسکول کا سالانہ جلسہ رکھا گیا جس میں پاس پڑوس کے بچوں کے ساتھ ساتھ اُن کی مائیں اور دیگر سرپرست بڑی تعداد میں شریک تھے۔
مہمان خصوصی کے طور پر بھٹکل سے تشریف فرما معروف عالم دین مولانا الیاس جاکٹی ندوی اور منکی جماعت المسلمین کے قاضی مولانا شکیل ندوی نے بچوں کے بہترین پرفارمینس پر اُن کی خوب ہمت آفزائی کی اور اسکول ٹیچرس نیز ذمہ داران کی کوششوں کو بھی سراہا۔
جلسہ میں اسکول کی سالانہ رپورٹ مظفر صاحب نے پیش کی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ایل کے جی کے لئے تعلیمی سال ۲۰۱۷-۱۸ کے لئے داخلے شروع ہوچکے ہیں، لہٰذا تمام لوگوں سے درخواست کی گئی کہ وہ اپنے بچوں کا داخلہ اس اسکول میں کروائیں۔
خیال رہے کہ شراوتی کونسل کے ذریعے ولکی میں مورخہ 14/ اپریل کو اتحاد پبلک اسکول کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا جانا طئے پایا ہے، بتایا گیا ہے کہ عمارت کی تعمیر ہونے تک فی الحال ایک پرانے اسکول کی عمارت میں یہاں بچوں کو پڑھایا جارہا ہے۔